ہومتازہ ترینورزش دوبارہ شروع کرتے وقت احتیاط لازم ،طبی ماہرین

ورزش دوبارہ شروع کرتے وقت احتیاط لازم ،طبی ماہرین

کراچی (لارڈ میڈیا): طویل وقفے کے بعد ورزش دوبارہ شروع کرنے والے افراد کو محتاط رہنے کی ضرورت ہے، طبی ماہرین نے انتباہ کیا ہے کہ پہلے جیسی سخت ورزش فوراً شروع کرنا نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔ ڈاکٹرز کے مطابق جسم کو دوبارہ جسمانی سرگرمی کا عادی ہونے کے لیے وقت درکار ہوتا ہے، ورنہ پٹھوں میں شدید درد، تھکن اور چوٹ لگنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

بہت سے لوگ مصروف دفتری زندگی یا ذہنی دباؤ کی وجہ سے ورزش چھوڑ دیتے ہیں، لیکن جب وہ دوبارہ ورزش شروع کرتے ہیں تو اکثر یہی سمجھتے ہیں کہ وہ پہلے والی رفتار اور شدت سے ورزش کر سکتے ہیں، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسا کرنا درست نہیں۔

طبی ماہرین کے مطابق جب انسان کافی عرصے تک غیر فعال رہتا ہے تو اس سے جسم کی لچک، برداشت اور طاقت تینوں متاثر ہوتی ہیں۔ اچانک سخت ورزش شروع کرنے سے پٹھوں میں شدید درد اور تھکن ہو سکتی ہے۔

ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ 30 سال سے زیادہ عمر کے افراد میں گھٹنے کی چوٹ کے باعث ہونے والے 75 فیصد آپریشن ایسے لوگوں کے ہوتے ہیں جو طویل وقفے کے بعد اچانک کھیل یا سخت ورزش شروع کر دیتے ہیں، اس لیے آہستہ آہستہ شروع کرنا ہی محفوظ طریقہ ہے۔

صحت کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ورزش دوبارہ شروع کرتے وقت جسم کو اسٹریچنگ کے ذریعے تیار کرنا چاہئے تاکہ پٹھوں کی اکڑن کم ہو اور جسم حرکت کے لیے تیار ہو جائے۔

ورزش کے ساتھ متوازن غذا، وافر پانی پینا اور پرسکون نیند لینا بھی پٹھوں کی بحالی کے لیے اہم ہیں۔ اگر کسی شخص کو پہلے سے کوئی بیماری، چوٹ یا طبی مسئلہ لاحق ہو تو ورزش دوبارہ شروع کرنے سے پہلے اپنے معالج سے مشورہ کرنا چاہیے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں