جہلم (لارڈ میڈیا) پاکستانی سوشل میڈیا انفلوئنسر سمیل عاطف نے ایک ویڈیو کے ذریعے بولی ووڈ اداکار سنجے دت کے خاندان کا پاکستان میں آبائی گھر دریافت کیا ہے۔ یہ تاریخی حویلی ضلع جہلم کے گاؤں خورد میں واقع ہے، جہاں سنجے دت کے والد سنیل دت پیدا ہوئے تھے۔ تقسیم ہند کے بعد ان کا خاندان بھارت منتقل ہوگیا تھا۔
سمیل عاطف کی اس ویڈیو کو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد لوگوں نے سنجے دت کو ٹیگ کرنا شروع کر دیا تاکہ وہ اپنے والد کی جائے پیدائش دیکھ سکیں۔ ویڈیو میں سنجے دت کا بیان بھی شامل ہے جس میں وہ اپنے والد کے آبائی گھر کے ساتھ گہرے جذباتی لگاؤ کا ذکر کرتے ہیں۔
سنجے دت نے اپنی دلی خواہش کا اظہار کیا کہ وہ ایک دن پاکستان جاکر اپنے والد کے گاؤں کی زیارت کرنا چاہتے ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق سنیل دت نے تقسیم کے بعد اپنے گاؤں کا دورہ کیا تھا جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا تھا۔
یہ ویڈیو دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی اور انسانی روابط کی خوبصورت مثال بھی قرار دی جا رہی ہے اور یہ امید دلائی جا رہی ہے کہ سنجے دت اپنے والد کی ادھوری خواہش کو پورا کرنے پاکستان آ سکیں گے۔


