ٹورنٹو (لارڈ میڈیا): کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی نے ہاؤسنگ پالیسی پر پریس کانفرنس کے دوران ٹیلی پرامپٹر کی خرابی پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر ہلکا پھلکا طنز کیا۔ ان کے اس تبصرے پر وہاں موجود صحافیوں نے قہقہے لگا دیے۔
یہ واقعہ ٹورنٹو میں بدھ کے روز پیش آیا جب مارک کارنی تقریر کر رہے تھے اور اچانک ان کا ٹیلی پرامپٹر بند ہوگیا۔ کارنی نے مسکراتے ہوئے کہا کہ ٹیلی پرامپٹر نے کام کرنا بند کر دیا ہے اور ایک مخصوص عالمی رہنما کے برعکس، میں اسے کسی سازش کا حصہ نہیں سمجھتا۔
مارک کارنی کا یہ تبصرہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس واقعے کی طرف اشارہ تھا جب ان کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں تقریر کے دوران ٹیلی پرامپٹر نے کام چھوڑ دیا تھا۔
اس کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے ان واقعات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا اور انہیں ممکنہ سازش قرار دیا تھا۔
مارک کارنی کے دفتر اور وائٹ ہاؤس نے اس معاملے پر فوری کوئی ردعمل نہیں دیا۔
دونوں ممالک کے تعلقات میں کشیدگی کے حوالے سے کارنی نے متعدد مواقع پر کہا کہ وہ ٹرمپ کی تجارتی پالیسیوں کا بھرپور مقابلہ کریں گے اور کینیڈا کو امریکا پر انحصار کم کرنا ہوگا۔


