عمان (لارڈ میڈیا): عمانی ساحل کے قریب ایک آئل ٹینکر کو نامعلوم سمت سے پروجیکٹائل کے ذریعے نشانہ بنایا گیا ہے۔ برطانوی بحری آمدورفت کی نگرانی کرنے والی تنظیم یو کے میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز نے کہا ہے کہ یہ واقعہ عمان کے شہر لیما سے تقریباً 20 کلومیٹر شمال مشرق میں پیش آیا۔
جہاز کی مالک کمپنی کے سکیورٹی افسر کے مطابق حملے میں ٹینکر کے انجن روم کو نقصان پہنچا ہے، جس کے باعث جہاز اپنی سمت برقرار نہیں رکھ سکا۔ حکام نے علاقے کی کوسٹ گارڈ کو واقعہ سے آگاہ کر دیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔ کسی جانی نقصان یا آئل رساؤ کی اطلاع نہیں ملی۔
یو کے میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز نے علاقے سے گزرنے والے جہازوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔ یہ واقعہ ایران اور عمان کے اردگرد سمندری کشیدگی کے دوران پیش آیا، جہاں حالیہ ہفتوں میں تجارتی جہازوں پر حملے ہو چکے ہیں۔
ایران نے آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت پر پابندیاں عائد کر رکھی ہیں، جبکہ امریکی بحری دستے خطے میں تعینات کیے گئے ہیں۔ تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ آئل ٹینکر پر حملے کس نے کیے ہیں۔


