جاپان (لارڈ میڈیا): ایشین گیمز 2026 کے کرکٹ مقابلوں کے لیے ڈراز اور گروپس کا اعلان کر دیا گیا ہے، جس میں پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش اور سری لنکا کی مردوں کی ٹیموں نے براہِ راست ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ مردوں کے ایونٹ میں 10 ٹیمیں حصہ لیں گی جبکہ خواتین کے مقابلوں میں 8 ٹیمیں شامل ہوں گی۔
دوسری جانب افغانستان، ہانگ کانگ، جاپان، ملائیشیا، نیپال اور عمان ابتدائی مرحلے میں کھیلیں گے، جہاں سے چار ٹیمیں ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچیں گی۔ گروپ اے میں افغانستان، جاپان اور نیپال شامل ہیں، جبکہ گروپ بی میں ہانگ کانگ، ملائیشیا اور عمان کو رکھا گیا ہے۔
خواتین کے مقابلے براہِ راست کوارٹر فائنلز سے شروع ہوں گے۔ پہلے کوارٹر فائنل میں بھارت کا جاپان سے مقابلہ ہوگا، بنگلہ دیش کا چین سے، سری لنکا کا ملائیشیا سے اور پاکستان کا تھائی لینڈ سے۔
خواتین کے کرکٹ مقابلے 17 سے 22 ستمبر تک جبکہ مردوں کے میچز 24 ستمبر سے یکم اکتوبر تک جاپان کے شہر ناگویا میں کھیلے جائیں گے۔ تمام میچز ٹی20 فارمیٹ میں ہوں گے۔
واضح رہے کہ ایشین گیمز 2023 میں بھارت نے دونوں کیٹیگریز میں سونے کے تمغے جیتے تھے اور وہ اپنے اعزاز کا دفاع کریں گے۔


