لاہور (لارڈ میڈیا): لاہور میں آج ایک ہی اسپیل میں 263 ملی میٹر بارش ہوئی جس نے شہر کو زیر آب کر دیا۔ سڑکوں پر کئی فٹ پانی جمع ہونے سے ٹریفک کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ ڈیفنس کے علاقے میں کشتیاں چلائی گئیں۔
ترجمان واسا کے مطابق لاہور ایئرپورٹ کے علاقے میں سب سے زیادہ 263 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ تاجپورہ میں 157.4، کاہنہ میں 143، شادی پورہ میں 136 اور مغل پورہ میں 133 ملی میٹر بارش ہوئی۔
ڈی ایچ اے میں پانی انڈر پاس کی چھت کے ساتھ جا لگا، ہربنس پورہ انڈر پاس کو بھی پانی جمع ہونے کی وجہ سے ٹریفک کے لیے بند کرنا پڑا۔ تاجپورہ میں گھروں میں پانی داخل ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
کاہنہ کے قریب فیروز پور روڈ پر پھسلن کی وجہ سے موٹرسائیکل کھمبے سے جا ٹکرائی، حادثے میں دو بھائی جاں بحق ہوگئے۔ ڈی ایچ اے فیز 4 میں گھر کی چھت گرنے سے چار افراد زخمی ہوگئے۔


