لندن (لارڈ میڈیا): امریکا اور ایران کے درمیان جاری فوجی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے، برینٹ خام تیل کی قیمت 92 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی ہے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بدھ کو برینٹ کروڈ فیوچرز کی قیمت میں 1.1 فیصد اضافہ ہوا، جو 92.01 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔
امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت میں 82 سینٹ اضافہ ہوا، جو 85.16 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کر رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں گزشتہ پانچ ہفتوں کی بلند ترین سطح پر ہیں۔
ماہرین کے مطابق قیمتوں میں حالیہ اضافے کی بنیادی وجہ امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی فوجی کارروائیاں ہیں۔ امریکی افواج کی جانب سے جنوبی اور مغربی ایران میں حملوں اور ایران کی جانب سے بحرین، کویت اور اردن میں امریکی تنصیبات کو نشانہ بنانے کے دعووں نے توانائی منڈی میں بے یقینی پیدا کر دی ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی برقرار رہنے اور آبنائے ہرمز کے ذریعے تیل کی ترسیل متاثر ہونے کے خدشات کے باعث خام تیل کی قیمتوں پر مزید دباؤ برقرار رہ سکتا ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق اگر خطے میں کشیدگی میں کمی نہ آئی تو نہ صرف تیل بلکہ توانائی کی دیگر منڈیوں میں بھی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ ممکن ہے۔


