اسلام آباد (لارڈ میڈیا): جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ف) کے رہنما سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کو معافی مانگنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے، بلکہ معافی ان لوگوں کو مانگنی چاہیے جنہوں نے خیبرپختونخوا میں لشکر بنانے کا کہا ہے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو کچھ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں ہو رہا ہے، اس کے اوپر معافی مانگی جانی چاہیے کہ گورننس کا بیڑہ غرق ہوگیا ہے۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے مولانا فضل الرحمان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ فوجی جوانوں کی بے مثال قربانی کو محض تنخواہ کا معاوضہ قرار دینا نا انصافی ہے اور یہ اسلامی تعلیمات سے مطابقت نہیں رکھتا۔
احسن اقبال نے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیاں قوموں کی عزت، آزادی اور وقار کی محافظ ہوتی ہیں۔ ہمیں ان کا احترام کرنا چاہیے اور انہیں سیاست سے بالاتر رکھنا چاہیے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھی مولانا فضل الرحمان کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فوجی جوانوں کی وطن کیلئے قربانی کو تنخواہ سے جوڑنا غیرمنصفانہ ہے۔


