اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وزیردفاع خواجہ آصف نے مولانا فضل الرحمان کے حالیہ بیان کو شہداء کی قربانی کی توہین قرار دیا ہے۔ ایک بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان جیسے ممتاز سیاستدان سے الفاظ کے انتخاب میں زیادہ ذمہ داری کی توقع کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوجی جوانوں کی وطن کے لیے قربانی کو ان کی تنخواہ سے جوڑنا غیرمنصفانہ اور شہداء و ان کے خاندانوں کی دل آزاری ہے۔
وزیردفاع نے مزید کہا کہ کوئی شخص محض تنخواہ کے لیے اپنی جان کی قربانی نہیں دیتا، بلکہ اس کے پیچھے نظریہ، عقیدہ، فرض اور وطن سے وابستگی ہوتی ہے۔ آپ حالات سے اختلاف کرسکتے ہیں مگر قربانی کی توہین نہیں کرسکتے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری ہے اور فوج سمیت دیگر اداروں کے جوان و شہری شہادتیں دے رہے ہیں۔ ان کی قربانی کو تنخواہ کا نتیجہ قرار دینا اخلاقی بے حسی ہے۔
وزیردفاع نے مزید کہا کہ مولانا صاحب نے نہ صرف ایک ادارے کو بلکہ ہزاروں شہداء، غازیوں، بیواؤں اور یتیموں کے جذبات کو مجروح کیا ہے۔


