ہوماہم ترینبرازیل کے نیمار نے بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

برازیل کے نیمار نے بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

نیویارک (لارڈ میڈیا) برازیل کے معروف فٹبالر نیمار نے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں ناروے کے ہاتھوں شکست کے بعد بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ اس کے ساتھ ہی ان کے 16 سالہ بین الاقوامی کیریئر کا اختتام ہوگیا۔

نیویارک، نیوجرسی کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پری کوارٹر فائنل میں ناروے نے برازیل کو 1-2 سے شکست دی۔ ناروے کی جانب سے ایرلنگ ہالینڈ نے دو گول اسکور کیے، جبکہ برازیل کا واحد گول اضافی وقت میں نیمار نے پنالٹی پر کیا، جو ان کے بین الاقوامی کیریئر کا آخری گول ثابت ہوا۔

میچ کے اختتام پر 34 سالہ نیمار میدان میں بیٹھ گئے اور آبدیدہ ہو گئے۔ ان کے ساتھی کھلاڑی انہیں دلاسہ دیتے رہے۔ اس موقع پر اسٹیڈیم میں جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے۔

میچ کے بعد نیمار نے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ”میں نے پوری کوشش کی۔ میرا سفر یہیں میٹ لائف اسٹیڈیم سے شروع ہوا تھا اور یہیں ختم بھی ہو گیا۔“

نیمار نے برازیل کی سینئر ٹیم کی جانب سے پہلا بین الاقوامی میچ 10 اگست 2010 کو امریکا کے خلاف کھیلا تھا۔ اپنے 16 سالہ کیریئر کے دوران انہوں نے 4 فیفا ورلڈ کپ اور 2 اولمپک گیمز میں برازیل کی نمائندگی کی۔

برازیل کی قومی فٹبال ٹیم کی تاریخ میں سب سے زیادہ بین الاقوامی گول کرنے کا اعزاز نیمار کے پاس ہے، جنہوں نے مجموعی طور پر 80 گول اسکور کیے۔

برازیل ورلڈ کپ میں چھٹا عالمی ٹائٹل جیتنے کی امید کے ساتھ میدان میں اترا تھا، تاہم پری کوارٹر فائنل میں ناروے کے خلاف شکست کے بعد اس کا سفر ختم ہوگیا۔ یہ 1990 کے بعد پہلا موقع ہے کہ برازیل ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل نہ کر سکا۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں