یروشلم (لارڈ میڈیا): اسرائیل نے واضح کیا ہے کہ جنوبی لبنان سے اپنی فوج واپس نہیں بلائے گا جب تک حزب اللہ کو مکمل طور پر غیر مسلح نہیں کیا جاتا اور اسرائیل کے سیکیورٹی خدشات ختم نہیں ہوتے۔
اسرائیلی حکومت کے ترجمان ڈیوڈ مینسر نے کہا کہ اسرائیل کی اولین ذمہ داری اپنے شہریوں کا تحفظ ہے، اس لیے وہ کسی مسلح گروہ کو سرحدوں کے قریب رہنے کی اجازت نہیں دے سکتا جسے خطرہ سمجھتا ہو۔ جنوبی لبنان سے افواج کی واپسی کا انحصار حزب اللہ کی عسکری صلاحیتوں کے خاتمے پر ہے۔
یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب اسرائیل اور لبنان کے مذاکرات امریکی ثالثی میں جاری ہیں۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ دونوں فریق بعض معاملات پر پیش رفت کے قریب ہیں۔ لبنان اور حزب اللہ کی جانب سے اسرائیلی مطالبات پر باضابطہ ردعمل نہیں آیا ہے۔
جنوبی لبنان میں اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان کشیدگی کے باعث گزشتہ کئی ماہ کے دوران متعدد جھڑپیں اور حملے رپورٹ ہوئے ہیں۔


