بھوبنیشور (لارڈ میڈیا): بھارتی ریاست اڑیسہ میں 8 ویں جماعت کی نصابی کتاب میں بالی وڈ کے گانے ‘نمبوڑا نمبوڑا’ کے بول شامل کیے جانے پر تنازع کھڑا ہوگیا ہے۔ یہ گانا ‘ہم دل دے چکے صنم’ فلم میں ایشوریہ رائے اور سلمان خان پر فلمایا گیا تھا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق یہ گانا آرٹ ایجوکیشن کی کتاب ‘کیرتی’ میں راجھستانی لوک گیت کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔ اس پر لوگوں نے اڑیسہ کے ثقافتی ورثے کو نظر انداز کرنے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔
اڑیسہ کے وزیراعلیٰ موہن چرن ماجھی اور وزیر تعلیم نتیانند گونڈ نے فوری کارروائی کا حکم دیا ہے۔ ریاستی کونسل آف ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ ٹریننگ کے سینئر عہدیداروں کو معطل کر دیا گیا ہے۔
ریاستی حکومت نے اس معاملے کی تحقیقات کے لئے ایک خصوصی انکوائری کمیٹی قائم کی ہے اور ایس سی ای آر ٹی کے 6 اہلکاروں کے خلاف تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ کمیٹی نے نصابی کتب کے جائزے کے عمل کو مضبوط بنانے اور غلطیوں کو روکنے کے لیے کوالٹی اشیورنس سیل قائم کرنے کی سفارش کی ہے۔


