ممبئی (لارڈ میڈیا): بھارتی گلوکار دلجیت دوسانجھ نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اپنی ابتدائی زندگی میں سالگرہ اور شادی کی تقریبات میں تھوڑی رقم پر پرفارم کرتے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ مالی مشکلات کی وجہ سے وہ کسی پیشکش کو رد نہیں کرتے تھے، چاہے وہ 5 ہزار کی ہی کیوں نہ ہو۔ دلجیت نے اپنی جدوجہد کے دنوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کا تعلق ایک انتہائی غریب گھرانے سے تھا، جہاں بیماری کی صورت میں ڈاکٹر کے پاس جانے کے پیسے بھی نہیں ہوتے تھے۔
42 سالہ دلجیت دوسانجھ نے مزید کہا کہ ان کی محنت نے انہیں اپنی منزل تک پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ ان کا پہلا البم ‘عشق دا اڈا’ 2002 میں ریلیز ہوا، جس کے بعد انہیں تقریبات کے لیے بک کرنے کی پیشکشیں ملنے لگیں۔ دلجیت کے مطابق، لائیو پرفارمنسز ان کی آمدنی کا سب سے بڑا ذریعہ بن گئیں۔
دلجیت نے بتایا کہ چند سینئر فنکار شادیوں کی پرفارمنس کو اچھی نظر سے نہیں دیکھتے تھے، لیکن ان کے لیے یہ انڈسٹری میں آگے بڑھنے کا راستہ تھا۔ وہ ہر جگہ پرفارم کرتے رہے اور کبھی کسی کو انکار نہیں کیا۔


