اسلام آباد (لارڈ میڈیا): پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے رکن قومی اسمبلی اقبال آفریدی کو پارٹی ڈسپلن کی مبینہ سنگین خلاف ورزی پر شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے سات روز میں تحریری جواب طلب کیا ہے۔
شوکاز نوٹس کے مطابق، اقبال آفریدی پر پارٹی کے دیگر اراکین قومی اسمبلی کے ساتھ بدسلوکی اور غیر مہذب زبان استعمال کرنے کا الزام ہے۔
نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ اقبال آفریدی نے قومی اسمبلی میں متعدد مواقع پر پارٹی فیصلوں کی مخالفت کی اور سینئر و جونیئر عملے کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کیا۔
پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ ان اقدامات سے پارٹی کی ساکھ اور تنظیمی نظم و ضبط متاثر ہوا ہے۔ پارٹی نے اقبال آفریدی کو ہدایت کی ہے کہ وہ سات روز کے اندر تحریری جواب جمع کرائیں، بصورت دیگر ان کی بنیادی رکنیت منسوخ کرنے اور انہیں فوری طور پر پارٹی سے نکالنے کی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔


