لاہور (لارڈ میڈیا): وزیر ریلویز حنیف عباسی نے لاہور ریلوے اسٹیشن کا اچانک دورہ کیا اور مسافروں کے لیے ناقص سہولیات پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور متعلقہ افسران سے فوری جواب طلب کیا۔
وزیر ریلویز نے ائیرکنڈیشنڈ لاؤنج کی بندش پر سخت ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسر سے جواب طلب کیا اور سوال کیا کہ شدید گرمی میں مسافروں کو باہر بیٹھنے پر کیوں مجبور کیا گیا۔ انہوں نے فوراً لاؤنج فعال کرنے کی ہدایت کی۔
حنیف عباسی نے اسٹیشن پر مہنگے داموں اشیائے خورونوش کی فروخت پر بھی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈی سی او کی سرزنش کی اور ہدایت کی کہ زائد قیمتیں وصول کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔
دورے کے دوران وزیر نے لاہور۔کراچی واشنگ لائن کی اپ گریڈیشن کے لیے 60 دن میں کام مکمل کرنے کا حکم دیا اور سی ای او کو ہدایت کی کہ واشنگ لائن میں تمام سہولیات کو بہتر بنایا جائے۔
وزیر ریلویز نے عزم ظاہر کیا کہ ریلوے اسٹیشنوں پر مسافروں کو معیاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی اور غفلت برتنے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔


