کراچی (لارڈ میڈیا): پاکستانیوں نے پانچ روز میں 3 کھرب ایرانی ریال خرید لئے ہیں، جس کی وجہ ایران اور امریکہ کے درمیان مفاہمت کے بعد ایرانی ریال کی قدر میں سو فیصد اضافہ ہے۔
ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک بوستان نے کہا ہے کہ پاکستان میں ایرانی ریال کی خریدوفروخت قانونی ہے اور ان دنوں پاکستان کی مڈل کلاس ایرانی ریال خرید رہی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ دو ہزار میں ایک کروڑ ملنے والے ایرانی ریال کی قیمت اب چار ہزار روپے ہو گئی ہے۔
ملک بوستان نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ لائسنس یافتہ منی چینجرز سے ایرانی ریال خریدیں، جبکہ کراچی سے باہر اور دور دراز شہروں میں ایرانی ریال کی قیمت زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران امریکہ کے معاہدے کے بعد خریداری میں اضافہ ہوا ہے۔
ملک بوستان نے کہا کہ ایک ماہ میں 275,000 روپے کے ایرانی ریال خریدے جا سکتے ہیں اور 60 فیصد لوگ ایک لاکھ روپے تک کے ایرانی ریال خرید رہے ہیں۔ انہوں نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ وہ اندھا دھند خریداری کے بجائے سوچ سمجھ کر ایرانی ریال خریدیں۔


