بیجنگ (شِنہوا) چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان پہلے مرحلے کے مذاکرات کے لئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کشیدگی میں کمی اور جنگ بندی کو مستحکم کرنے کے لئے مثبت اہمیت رکھتے ہیں۔
ترجمان لین جیان نے روزانہ کی پریس بریفنگ میں کہا کہ چین اس مفاہمتی یادداشت پر دستخط کا خیرمقدم کرتا ہے اور امید کرتا ہے کہ امریکہ اور ایران سمیت تمام متعلقہ فریق معاہدے کی روح کو برقرار رکھتے ہوئے اسے نیک نیتی سے نافذ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ طاقت کسی مسئلے کا حل نہیں ہے۔ برابری کی بنیاد پر مذاکرات ہی درست راستہ ہے۔ لین جیان نے مزید کہا کہ امید ہے کہ امریکہ اور ایران دوسرے مرحلے کے مذاکرات میں سمجھداری اور عملی رویہ اختیار کریں گے، ایک ہی سمت میں آگے بڑھیں گے اور مثبت نتائج حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ چین اس تنازع کے آغاز سے ہی جنگ کے خاتمے اور امن کے لئے مسلسل کوششیں کر رہا ہے اور آئندہ بھی مشرق وسطیٰ اور خلیجی خطے میں دیرپا امن و سلامتی کے لئے فعال اور تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔


