اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے بعد مہنگائی میں مزید اضافہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بحران کے دوران پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی کمی نہیں ہوئی۔
وزیر خزانہ نے ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال مہنگائی کی شرح ڈبل ڈیجیٹ میں رہی، جبکہ اگلے سال کے لئے تخمینہ 8.2 فیصد رکھا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے باعث تیل کی قیمتیں بڑھیں، لیکن معاہدے کے بعد بہتری کی امید ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف جنیوا کا دورہ کر رہے ہیں اور معاہدے پر دستخط کے بعد صورتحال میں بہتری کی توقع ہے۔ اسٹیٹ بینک نے پالیسی ریٹ کو برقرار رکھا ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ معاشی ترقی کی بنیاد رکھ دی گئی ہے اور عوام اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیٹرول، ڈیزل اور ایل پی جی کی فراہمی بلا تعطل یقینی بنائی جا رہی ہے۔ سیلاب کے دوران وزیراعظم نے اپنے وسائل سے ریلیف دینے کا فیصلہ کیا تھا۔ ہم مالی سال کے اختتام پر 18 بلین ڈالرز کی توقع کر رہے ہیں۔
بجٹ میں معاشی استحکام سے ترقی کی طرف بڑھنے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے اور برآمدکنندگان کے لئے سپر ٹیکس ختم کر دیا گیا ہے۔


