اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ایران امریکہ معاہدے کے بعد پاکستان کے معاشی اہداف میں بہتری کی توقع ہے، لیکن بجٹ تخمینوں میں فوری تبدیلی قبل از وقت ہوگی۔ انہوں نے غیر ملکی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ پاکستان مزید عالمی بانڈز کے اجرا کا خواہاں ہے، جبکہ ایران جنگ کے خاتمے کے بعد پاکستان 2027 کے لیے اپنی معاشی بہتری دیکھ رہا ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ جنگ کے دوران توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا، اور سپلائی چینز کی مکمل بحالی وقت طلب ہوگی۔ اس تنازع نے مہنگائی کو دوبارہ دو ہندسوں میں پہنچا دیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے مالی سال 2027 کے بجٹ میں معاشی شرح نمو کا ہدف 4 فیصد مقرر کیا گیا ہے، جب کہ مہنگائی کا ہدف 8.2 فیصد ہے۔ دفاعی اخراجات میں 18 فیصد اضافہ کرکے انہیں 3 ہزار ارب روپے تک بڑھایا گیا ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام کو برقرار رکھنے کے لیے زیادہ ٹیکس آمدن پر انحصار کیا گیا ہے اور کمرشل قرضوں سے قرض دہندگان کا پروفائل تبدیل کرنے کا منصوبہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کرپٹو کرنسی، ٹوکنائزیشن اور ڈیجیٹل اثاثہ ایکسچینجز کو پہلے ریگولیٹ کرے گی اور پھر ان پر ٹیکس عائد کرنے پر غور کیا جائے گا۔


