واشنگٹن (لارڈ میڈیا): امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مفاہمتی یادداشت ایک مختصر اور عمومی نوعیت کی دستاویز ہے، جبکہ حتمی معاہدے کی تفصیلات آئندہ مذاکرات میں طے ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ اتوار کو دونوں ممالک نے ڈیجیٹل دستخط کیے ہیں۔
جے ڈی وینس نے بتایا کہ امریکا کی جانب سے انہوں نے اور ایران کی طرف سے ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف نے اس دستاویز پر دستخط کیے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ مفاہمتی یادداشت صرف بنیادی فریم ورک فراہم کرتی ہے اور کئی اہم معاملات پر مزید مذاکرات ضروری ہیں۔
نائب صدر نے بتایا کہ ایران کے منجمد اثاثوں کی بحالی موجودہ مسودے میں شامل نہیں ہے، تاہم ایران کی تعمیر نو کے لیے مالی معاونت مخصوص شرائط کے تحت خلیجی ممالک کی جانب سے فراہم کی جا سکتی ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی تصدیق کی ہے کہ ایران کے ساتھ امن معاہدے پر دستخط ہوچکے ہیں اور آبنائے ہرمز جلد مکمل طور پر کھل جائے گی۔


