ہومUncategorizedعلی ظفر کے میگا کانسرٹ میں 45 ہزار افراد کی شرکت

علی ظفر کے میگا کانسرٹ میں 45 ہزار افراد کی شرکت

مسی ساگا (لارڈ میڈیا): پاکستان کے معروف گلوکار علی ظفر نے کینیڈا میں ایک تاریخی کانسرٹ کے دوران نیا ریکارڈ قائم کیا۔ مسی ساگا کے سیلبریشن اسکوائر میں ہونے والے اس اوپن ائیر کانسرٹ میں تقریباً 45 ہزار افراد نے شرکت کی، جسے منتظمین نے اس مقام کی تاریخ کا سب سے بڑا میوزیکل اجتماع قرار دیا ہے۔ منتظمین کے مطابق، شائقین کی بڑی تعداد سیلیبریشن اسکوائر تک محدود نہیں رہی بلکہ اطراف کی سڑکوں اور قریبی سینٹر تک پھیل گئی۔

یہ کانسرٹ علی ظفر کے روشنی ٹور 2026 کے شمالی امریکا مرحلے کا اختتامی شو تھا، جس میں پاکستان، بھارت، بنگلا دیش اور جنوبی ایشیائی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ بچوں، نوجوانوں، خاندانوں اور بزرگوں پر مشتمل مجمع نے پورے کانسرٹ کے دوران بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔

کانسرٹ کا یادگار ترین لمحہ اس وقت آیا جب علی ظفر نے اپنا مقبول گانا جھوم پیش کیا اور ہزاروں مداحوں نے اپنے موبائل فونز کی لائٹس روشن کردیں جس سے پورا مقام روشنیوں کے سمندر میں تبدیل ہو گیا۔ بعد ازاں علی ظفر اسٹیج سے نیچے اتر کر مداحوں کے درمیان بھی گئے، جس پر حاضرین نے زبردست جوش کا اظہار کیا۔

علی نے کہا کہ ہم سب ایک انسانیت کا حصہ ہیں، دنیا کے کسی بھی کونے میں رہیں، اپنی جڑوں اور ثقافت پر فخر کرنا چاہیے۔ انہوں نے خواتین کے اپنے فیصلے خود کرنے کے حق، بچوں کے خوابوں کی حوصلہ افزائی اور خاندانوں میں بہتر رابطے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

کانسرٹ کے اختتام پر ہزاروں مداح علی ظفر کے ساتھ گاتے رہے اور منتظمین سمیت متعدد شرکاء نے اس شام کو مسی ساگا کی ثقافتی تاریخ کے یادگار ترین پروگراموں میں سے ایک قرار دیا۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں