تہران (لارڈ میڈیا): ایران اور امریکا کے درمیان جاری سفارتی رابطوں میں ایک نئی پیش رفت ہوئی ہے، جس میں قطر کا اعلیٰ سطحی وفد تہران پہنچ گیا ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق وفد کا مقصد ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ مذاکرات کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لینا اور سفارتی عمل کو آگے بڑھانے کے امکانات پر بات چیت کرنا ہے۔
ایرانی خبر رساں ایجنسی آئی ایس این اے کے مطابق قطر کے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کے مشیر اس ثالثی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔
یہ دورہ گزشتہ ہفتے ہونے والے مذاکرات کے تسلسل میں کیا جا رہا ہے۔ قطر طویل عرصے سے ایران اور امریکا کے درمیان ایک مؤثر سفارتی پل کا کردار ادا کرتا رہا ہے۔
ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق قطری وفد اپنے دورے کے دوران مذاکراتی عمل سے متعلق تازہ ترین پیش رفت، ممکنہ معاہدوں اور مستقبل کے سفارتی اقدامات پر ایرانی حکام سے تبادلہ خیال کرے گا۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ قطر کے اس دورے کو خطے میں کشیدگی کم کرنے اور ایران و امریکا کے درمیان ممکنہ مفاہمت کی جانب ایک اہم قدم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔


