گلگت (لارڈ میڈیا): چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے گلگت میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ گلگت بلتستان سے مینڈیٹ چاہتے ہیں تاکہ اسلام آباد میں جی بی کی آواز کو مؤثر انداز میں اٹھا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ جی بی کا حق ملکیت دلانے کے لیے جیالا وزیراعلیٰ چاہیے اور قانون پر عملدرآمد کے لیے پیپلز پارٹی کی اکثریت ضروری ہے۔
بلاول بھٹو نے ن لیگ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو جماعت پنجاب کے حقوق پر سودا کرنے کو تیار ہے، وہ گلگت بلتستان کے حقوق کیسے دے گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پیپلز پارٹی حقوق پر سودے بازی نہیں کرے گی اور بی آئی ایس پی کے خلاف سازشیں ناکام ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ملک میں روزگار لانے کی کوشش کرتی ہے جبکہ دیگر جماعتیں لوگوں کو بے روزگار کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔ بلاول بھٹو نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں اضافے کا بھی اعلان کیا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنے دور حکومت میں گلگت بلتستان میں سیاحت کو تباہ کیا جبکہ پیپلز پارٹی روزگار دینے والی جماعت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ مختلف اداروں سے ملازمین کو نکال رہی ہے اور دوسری جماعتوں کے پاس کوئی نظریہ نہیں ہے۔
بلاول بھٹو نے گلگت بلتستان میں عالمی معیار کے اسپتال بنانے اور ٹورازم کو فروغ دینے کی بات بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ صدر زرداری نے اٹھارویں ترمیم اور سی پیک دیا، اور جی بی کو شناخت دی۔


