ہومقومی ہاکی ٹیمدیگر کھیلاسرائیل نے فلسطینی خاتون فٹبالر رند حلوانی کو حراست میں لے لیا

اسرائیل نے فلسطینی خاتون فٹبالر رند حلوانی کو حراست میں لے لیا

یروشلم (لارڈ میڈیا): اسرائیل نے فلسطینی فٹبال ٹیم کی خاتون کھلاڑی رند حلوانی کو حراست میں لے لیا ہے۔ فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ 20 سالہ رند کو منگل کے روز مغربی یروشلم کے تلپیوت پولیس اسٹیشن میں پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا گیا تھا، جہاں سے انہیں حراست میں لے لیا گیا۔ بعد ازاں انہیں عدالت میں پیش کیا گیا، جس نے ان کی حراست میں جمعے تک توسیع کا حکم دیا۔ اسرائیلی حکام نے ان کی گرفتاری کی وجوہات ظاہر نہیں کی ہیں۔

فلسطینی فٹبال ایسوسی ایشن (پی ایف اے) کا کہنا ہے کہ رند کی گرفتاری فلسطینی کھلاڑیوں کو منظم طریقے سے نشانہ بنانے کے عمل کا حصہ ہے، جو مسلسل جاری ہے۔ پی ایف اے کے مطابق فلسطینی خواتین کی قومی ٹیم کی سابق کھلاڑی اور بیرزیت یونیورسٹی کی طالبہ نیٹلی ابو دیا کو بھی منگل کے روز اس وقت گرفتار کیا گیا جب اسرائیلی فورسز نے ان کے گھر پر چھاپہ مارا۔

پی ایف اے نے فلسطینی فٹبالر مصعب ابو سالم کو اٹلی جانے سے روکنے کے اقدام کو بھی فلسطینی کھلاڑیوں پر عائد پابندیوں کی مثال قرار دیا ہے۔ مصعب کو ایلنبی برج کراسنگ پر روک کر ان سے پوچھ گچھ کی گئی اور انہیں فلسطین اسٹارز ٹیم کے ہمراہ اٹلی جانے کی اجازت نہیں دی گئی، جہاں ٹیم نے فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک دوستانہ میچ کھیلنا تھا۔

فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ اکتوبر 2023 میں غزہ جنگ کے آغاز کے بعد سے 800 سے زائد فلسطینی کھلاڑی جان کی بازی ہار چکے ہیں، جبکہ فلسطینی قیدیوں کے امور سے متعلق اداروں کے مطابق اس وقت 89 فلسطینی خواتین اسرائیلی جیلوں میں قید ہیں۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں