دبئی (لارڈ میڈیا): دبئی پولیس نے جعلی شاہی پروٹوکول کے ذریعے عود چوری کرنے والی نقلی شہزادی کی چال ناکام بنا دی اور چار ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق، ایک خاتون نے خود کو شہزادی ظاہر کرکے سات ساتھیوں کے ساتھ مل کر 12 ملین درہم (91 کروڑ روپے سے زائد) مالیت کا نایاب عود چوری کیا۔ دبئی پولیس نے صرف 12 گھنٹے کے اندر کارروائی کرتے ہوئے چوری شدہ عود برآمد کر لیا۔
پولیس نے بتایا کہ 8 رکنی گروہ نے ایک عود کے تاجر کو یہ یقین دلایا کہ ایک اہم شخصیت خریداری میں دلچسپی رکھتی ہے اور اسے عالیشان محل میں مدعو کیا۔ شاہی طرز کے استقبال اور سکیورٹی انتظامات سے تاجر کا اعتماد حاصل کیا گیا۔
ملزمان نے چالاکی سے قیمتی عود نکال کر اس کی جگہ عام لکڑیاں بیگوں میں رکھ دیں اور تاجر کو واپس کر دیں۔ اگلے روز تاجر نے جب رابطہ کرنے کی کوشش کی تو تمام نمبر بند تھے، جس پر اسے دھوکے کا علم ہوا اور اس نے پولیس سے رجوع کیا۔
بعد ازاں، دبئی پولیس نے فوری تحقیقات کے بعد چار ملزمان کو گرفتار کر لیا اور چوری شدہ عود برآمد کر لیا۔ تاہم، خود کو شہزادی ظاہر کرنے والی خاتون سمیت چار مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے ریڈ نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔


