اسلام آباد (لارڈ میڈیا): قومی اسمبلی میں آج ملک کے پہلے مصنوعی ذہانت پر مبنی پارلیمانی نظام کی افتتاحی تقریب ہوگی۔ اسپیکر قومی اسمبلی اور وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ اس جدید نظام کا افتتاح کریں گی۔ اس نظام کو وزارتِ آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن اور نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے اشتراک سے متعارف کرایا جا رہا ہے۔ اس کا مقصد قانون سازی اور پارلیمانی امور کو ڈیجیٹل، تیز اور مؤثر بنانا ہے۔ نئے نظام میں بلوں کا خلاصہ، پارلیمانی سوالات کی تیاری، اسمارٹ ڈاکومنٹ سرچ، اسپیچ اسسٹنٹ اور اسمارٹ میٹنگ مینجمنٹ جیسی سہولیات شامل ہیں۔ گفتگو کرنے والی مصنوعی ذہانت پر مبنی چیٹ بوٹ بھی اس کا حصہ ہے۔ نظام کے تحت پارلیمانی افسران بلوں کا جائزہ تیزی سے لے سکیں گے جبکہ اردو اور انگریزی میں اے آئی لیجسلیٹو سمریز دستیاب ہوں گی۔ اس سے قانون سازی کے عمل میں تیزی اور شفافیت آئے گی۔


