اسلام آباد (لارڈ میڈیا) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے مواقع پر گفتگو ہوئی۔ وزیر خزانہ نے اپنے حالیہ واشنگٹن دورے کی بریفنگ دی اور امریکی حکام سے ہونے والی بات چیت سے آگاہ کیا۔
محمد اورنگزیب نے پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی فریم ورک پر امریکی تجارتی نمائندے سے حالیہ رابطوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان باہمی مفاد کی بنیاد پر اس فریم ورک کو آگے بڑھانے میں دلچسپی رکھتا ہے۔
انہوں نے پاکستان کی بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹس میں سرگرمیوں اور فنانسنگ کے ذرائع کو متنوع بنانے کی کوششوں سے بھی امریکی ناظم الامور کو آگاہ کیا۔ ملاقات میں بندرگاہوں، توانائی، ٹیلی کمیونیکیشن، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور دیگر ابھرتے ہوئے شعبوں میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔
نیٹلی بیکر نے توانائی کی بڑھتی قیمتوں کے باوجود اقتصادی استحکام برقرار رکھنے پر پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں امریکا کی دلچسپی کا اظہار کیا۔


