واشنگٹن (لارڈ میڈیا) : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر حملے کے ارادے کو خلیجی رہنماؤں کی درخواست پر مؤخر کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایران کے ساتھ معاہدہ نہ ہوا تو امریکی فوج کو حملے کے لیے تیار رہنے کا حکم دیا گیا تھا۔ قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی قیادت نے ایران کو سفارتی راستہ دینے کی اپیل کی تھی۔
ٹرمپ نے کہا کہ امریکا ایران پر حملے کے لیے مکمل تیار تھا، مگر تہران کے ساتھ معاہدے کا اچھا موقع موجود ہے جو کہ امریکا اور مشرق وسطیٰ کے لیے قابل قبول ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ممکنہ معاہدے میں ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ٹرمپ نے امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ اور عسکری قیادت کو حملہ مؤخر کرنے کی ہدایت دی ہے، ان کے بقول ایسی ڈیل سے امریکا مطمئن ہو سکتا ہے۔
صدر ٹرمپ نے امریکی میڈیا اور ڈیموکریٹک پارٹی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ امریکی میڈیا ایران کی شاندار فتح کی سرخیاں لگائے گا۔ انہوں نے دی وال اسٹریٹ جرنل، دی نیویارک ٹائمز اور سی این این کو جعلی میڈیا قرار دیا۔


