تہران (لارڈ میڈیا) : ایران کی قومی فٹبال ٹیم 2026 فیفا ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں ترکی روانہ ہوگئی ہے۔ ٹیم انطالیہ میں تربیتی کیمپ لگائے گی اور دو وارم اپ میچز کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ ایرانی ٹیم 22 کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف پر مشتمل ہے۔ ہیڈ کوچ امیر قلعه نوی نے کہا ہے کہ کھلاڑی ترکی میں امریکی ویزا درخواستیں بھی جمع کروائیں گے۔ ایران کی ورلڈ کپ میں شرکت ایسے وقت میں ہورہی ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی بدستور برقرار ہے۔ فیفا نے ایران کی میچز کی منتقلی کی تجویز مسترد کردی تھی۔ فیفا حکام اور ایرانی فٹبال فیڈریشن کی حالیہ ملاقاتوں کے بعد ایران کی ورلڈ کپ میں شرکت کے امکانات مزید مضبوط ہوگئے ہیں۔ ایران گروپ مرحلے میں نیوزی لینڈ، بیلجیئم اور مصر کے خلاف میچز کھیلے گا۔


