چین نے جمعہ کے روز سڑک کی اپ گریڈیشن کا ایک منصوبہ ملاوی کی حکومت کے حوالے کر دیا۔ توقع کی جا رہی ہے کہ یہ منصوبہ جنوب مشرقی افریقہ کے اس ملک میں سماجی و معاشی ترقی کے فروغ کا باعث بنے گا۔
چین کی کمپنی شان ڈونگ لوچیاؤ گروپ کمپنی لمیٹڈ نے اڑھائی کروڑ امریکی ڈالر مالیت کے اس ایم ون روڈ اپ گریڈ منصوبے کو ملاوی کے دارالحکومت لیلونگوے میں تعمیر کیا۔ اُمید ہے کہ اس منصوبے سے ٹریفک کے دباؤ میں نمایاں کمی آئے گی اور مسافروں کی آمد و رفت میں بہتری ہوگی۔
حوالگی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملاوی کے وزیر ٹرانسپورٹ و پبلک ورکس جے پی مہانگو نے اس منصوبے پر چینی حکومت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ اعلیٰ معیار کے مطابق تعمیر کیا گیا ہے جس سے سفر کے دورانیے اور سڑک کی مرمت اور دیکھ بھال کے اخراجات میں کمی سمیت متعدد فوائد حاصل ہوں گے۔
مہانگو نے اس منصوبے پر کام کرنے کے دوران مقامی کارکنوں کو مہارت اور علم منتقل کرنے پر چینی کمپنی کی بھی تعریف کی۔
ملاوی میں چین کی سفیر لُو شُو نے اس موقع پر کہا کہ نوتعمیرشدہ سڑک نہ صرف لیلونگوے کے مختلف حصوں کو ملانے والی ایک اہم شاہراہ ہے بلکہ اُن بنیادی شہری سہولیات میں شامل ہے جو ملاوی کی قومی شناخت کو اجاگر کرتی اور اس کی سماجی و معاشی ترقی میں مدد دیتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں پختہ یقین ہے کہ اس اپ گریڈ شدہ سڑک کی ایک راستہ سے بڑھ کر اہمیت ہے۔ یہ ترقی، خوشحالی اور تابناک مستقبل کی راہ ہے۔ یہ باہمی تعاون کو نمایاں کرنے والی ایک سڑک ہونے کے ساتھ ساتھ نئے دور میں چین اور ملاوی کے درمیان گہری ہوتی دوستی کی ایک مضبوط علامت بھی ہے۔”
منصوبے پر تعمیراتی کام سال 2021 کے آخر میں شروع ہو گیا تھا۔یہ سڑک تقریباً 9.455 کلومیٹر پر محیط ہے اور اپنی تکمیل کے بعد لیلونگوے کی ایک اہم شاہراہ بن چکی ہے۔
لیلونگوے سے شِنہوا نیوز ایجنسی کے نمائندوں کی رپورٹ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ٹیکسٹ آن سکرین:
چینی تعاون سے ملاوی کے دارالحکومت میں اہم شاہراہ کی تعمیر
منصوبہ مکمل ہونے پر جمعہ کے روز ملاوی حکومت کے حوالے کیا گیا
ایم ون روڈ منصوبے پر شان ڈونگ لوچیاؤ گروپ کمپنی نے کام کیا
منصوبہ اڑھائی کروڑ امریکی ڈالر کی لاگت سے مکمل ہوا
9.455 کلومیٹر طویل سڑک لیلونگوے کی اہم شاہراہ ہے
ٹریفک کے دباؤ میں کمی اور آمد و رفت میں بہتری آئے گی
وزیر ٹرانسپورٹ کے مطابق منصوبے پر اعلیٰ معیار کا کام ہوا ہے
مقامی کارکنوں کو مہارت اور تربیت دینے پر کمپنی کی تعریف
سڑک ترقی، خوشحالی اور ایک تابناک مستقبل کی علامت قرار
چین اور ملاوی کے درمیان دوستانہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے


