لاؤس میں شمسی توانائی سے بجلی پیدا کرنے کا ایک ہزار میگاواٹ کا منصوبہ منگل کے روز قومی گرڈ سے منسلک ہونے کے بعد باقاعدہ طور پر فعال ہو گیا ہے۔ اس بات کا اعلان منصوبے کے ڈویلپر چائنہ جنرل نیوکلیئر پاور گروپ (سی جی این پی سی) نے کیا۔
توقع ہے کہ صوبہ اودومسائے میں واقع یہ بڑے پیمانے کا شمسی فارم ہر سال تقریباً 1.65 ارب کلوواٹ آور بجلی پیدا کرے گا اور کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں تقریباً 13 لاکھ ٹن سالانہ کمی لائے گا۔
لاؤس کے بڑے شمسی منصوبوں میں شامل یہ تنصیب پہاڑی علاقے میں قائم کی گئی ہے۔ یہاں تعمیراتی کام کے عروج کے دور میں تقریباً 3 ہزار مقامی لوگوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا ہوئے۔ سڑکوں کی مرمت اور پانچ پلوں کو پختہ کر کے مقامی انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا گیا جس سے ارد گرد کی آبادی کو معاشی و سماجی فوائد حاصل ہوئے۔
صنعتی تعاون کے حوالے سے دیکھا جائے تو اس منصوبے میں چین اور لاؤس کی 70 سے زائد کاروباری کمپنیوں نے حصہ لیا جن میں 30 سے زائد لاؤس کی کمپنیاں شامل تھیں۔ لاؤس کی ان کمپنیوں کا تعلق تعمیرات، آلات کی فراہمی اور خام مال کی سپلائی کے شعبوں سے تھا۔
سی جی این پی سی نے لاؤس میں صاف توانائی کے معیارات سے متعلق تحقیقی ادارے کے قیام میں بھی تعاون کیا اور 100 کے قریب مقامی انجینئرز کو تربیت فراہم کی۔ حساس علاقوں میں تعمیرات سے گریز اور ماحولیاتی بحالی جیسے اقدامات بھی کئے گئے تاکہ قدرتی ماحول کو محفوظ رکھا جا سکے۔
سی جی این پی سی کے چیئرمین یانگ چانگلی کا کہنا ہے کہ کمپنی لاؤس میں صاف توانائی کے منصوبوں کی ترقی کے عمل کو مزید تیز کرے گی اور ماحول دوست توانائی میں تعاون کے ذریعے چین اور لاؤس کے درمیان مشترکہ مستقبل کی قریبی شراکت کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔
وینتیان، لاؤس سے شِنہوا نیوز ایجنسی کے نمائندوں کی رپورٹ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ٹیکسٹ آن سکرین:
لاؤس میں ایک ہزار میگاواٹ شمسی توانائی کامنصوبہ فعال
چین کے تعاون سے تیار منصوبہ قومی گرڈ سے منسلک کر دیا گیا
سالانہ 1.65 ارب کلوواٹ آور بجلی پیدا کی جائے گی
کاربن اخراج میں 13 لاکھ ٹن سالانہ کمی آنے کی توقع
منصوبے کے دوران 3 ہزار مقامی لوگوں کو روزگار ملا
سڑکوں کی مرمت اور 5 پلوں کی پختگی سے انفراسٹرکچر بہتر ہوا
منصوبے میں چین اور لاؤس کی 70 سے زائد کمپنیاں شریک تھیں
100 کے قریب مقامی انجینئرز کو تربیت فراہم کی گئی
ماحولیاتی تحفظ کے لئے حساس علاقوں میں تعمیرات سے گریز کیا گیا
ماحول دوست توانائی میں تعاون سے چین لاؤس تعلقات مزید مستحکم ہوں گے


