وزیراعظم شہباز شریف نے پنجاب کے روایتی، ثقافتی و سکھ برادری کے مذہبی تہوار بیساکھی پر پاکستان و دنیا بھر میں مقیم سکھ برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ مختلف مذاہب کے مذہبی تہواروں کو احترام کی نگاہ سے دیکھنا، اجتماعی ثمرات کو خوش دلی سے منانا سماجی اتحاد کی مضبوطی، بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کا باعث ہے۔
منگل کو بیساکھی کے موقع پر جاری بیان میں وزیراعظم نے کہاکہ روایتی و ثقافتی سطح پر کسان کی سخت محنت کے بعد فصل کے بار آور ہونے اور کٹائی کیلئے تیار ہونے کی خوشی میں پنجاب بھر میں سکھ برادری بیساکھی کے میلوں کا اہتمام کرتی ہے، یہ تہوار انسانیت کے مثبت پہلو اور محنت کے صبر آزما مراحل کے بعد ثمرات پردلی مسرت کا اظہار ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر سے سکھ یاتری پاکستان کے گردوارہ پنجہ صاحب (حسن ابدال) اور جنم استھان (ننکانہ صاحب) میں بیساکھی کی تقریبات میں شرکت کیلئے آتے ہیں، حکومت آنیوالے تمام سکھ و ہندو یاتریوں کو ہمیشہ خوش آمدید کہتی ہے، تہوار کے دنوں میں مذہبی مقامات پر سکھ یاتریوں کی ہرممکن سہولت کیلئے اقدامات کئے جاتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ مثبت و کثیرجہتی ثقافتی رنگ ہی معاشرتی تنوع اور زندہ دل معاشرہ کی بنیاد ہیں۔
انہوں نے کہاکہ مختلف مذاہب کے مذہبی تہواروں کو احترام کی نگاہ، اجتماعی ثمرات کو خوش دلی سے منانا ہی سماجی اتحاد کی مضبوطی، بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کا باعث ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی تعلیمات و آئین پاکستان بلا تفریق رنگ و مذہب تمام شہریوں کے مساوی حقوق کے تحفظ و مذہبی آزادی کے ضامن ہیں، اقلیتی برادریوں کے بنیادی انسانی، مذہبی و شہری حقوق کا تحفظ ریاست کی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ خوشی کے موقع پر سب عالمی امن و استحکام و فلاح انسانیت کیلئے خصوصی دعاء کریں۔


