ہومپاکستانصدر مملکت کی بیساکھی پر ملک و دنیا بھر میں مقیم ہندو...

صدر مملکت کی بیساکھی پر ملک و دنیا بھر میں مقیم ہندو و سکھ برادری کو مبارکباد

صدر آصف علی زرداری نے پاکستان اور دنیا بھر میں مقیم ہندو و سکھ برادری کو بیساکھی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اقلیتی برادریوں کے بنیادی حقوق، سلامتی اور وقار کے تحفظ کیلئے پرعزم، سماجی و معاشی فلاح و بہبود کے فروغ کیلئے ذمہ داریاں پوری کرتی رہے گی۔

منگل کو بیساکھی کے موقع پر جاری بیان میں صدر زرداری نے کہا کہ بیساکھی ایک اہم مذہبی و ثقافتی سنگ میل ہے جو ربیع کی فصل کی کٹائی کے آغاز کی علامت ہے، یہ موسم کسانوں کیلئے بے حد خوشی کا باعث ہے کیونکہ وہ اپنی محنت کا پھل حاصل کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے کئی علاقوں میں بیساکھی کو ہمسایوں و مقامی برادریوں کی جانب سے احترام کیساتھ منایا جاتا ہے جو باہمی احترام پر مبنی مشترکہ سماجی فضاء کا عکاس ہے، یہ موقع شکرگزاری، غور و فکر اور ایمان، اتحاد اور انسانیت کی خدمت جیسی پائیدار اقدار کی تجدید کا بھی پیغام دیتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ بابائے قوم نے ایک ایسے ملک کا تصور پیش کیا تھا جو تمام شہریوں کیلئے بغیر کسی مذہبی یا نسلی امتیاز کے، مساوات، آزادی اور تحفظ کے اصولوں پر قائم ہو، یہ اصول آئین پاکستان میں باقاعدہ شامل ہیں جو تمام برادریوں کو مساوی حقوق اور تحفظ کا ضامن ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ہندو و سکھ یاتریوں کی سہولت کیلئے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے، اہم مذہبی مواقع پر ملک بھر میں گردواروں کی دیکھ بھال اور سیکیورٹی یقینی بنائی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اقلیتی برادریوں کے بنیادی حقوق، سلامتی اور وقار کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے اور ان کی سماجی و معاشی فلاح و بہبود کے فروغ کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کرتی رہے گی۔

آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان اور دنیا بھر میں امن، خوشحالی و ہم آہنگی کیلئے دعاگو ہوں۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں