وائٹ ہاؤس نے امریکا اورایران کے درمیان مذاکرات کے دوسرے مرحلے پر واضح موقف دینے سے گریز کیا ہے۔
اس حوالے سے وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیویٹ کا کہنا تھا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ، نائب صدر جے ڈی وینس اور مذاکراتی ٹیم نے امریکی موقف اور ریڈ لائنز کو پہلے ہی واضح کر دیا ہے، امریکی بحری ناکہ بندی کے بعد ایران پر دبائو میں اضافہ ہو رہا ہے، ناکہ بندی کے باعث تہران کی جانب سے معاہدے کی خواہش مزید بڑھ سکتی ہے۔
دوسری جانب پاکستان نے ایران امریکا مذاکرات کے دوسرے مرحلے کیلئے بھی میزبانی کی پیشکش کر دی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق پاکستان نے جنگ بندی کی مدت ختم ہونے سے پہلے مذاکرات اسلام آباد میں منعقد کرنے کی تجویز پیش کی ہے، فریق معاہدہ کیلئے نئے بالمشافہ مذاکرات پر غور کر رہے ہیں، اسلام آباد مذاکرات کے بعد بھی پاکستان تہران اور واشنگٹن کے درمیان پیغامات کا تبادلہ کر رہا ہے۔
غیر ملکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی عہدیدار نے توقع ظاہر کی ہے کہ مذاکرات جمعرات کو ہو سکتے ہیں۔


