ہومتازہ ترینچین کمیونٹی صحت کی سہولیات کو بہتر اور بحالی صحت کی خدمات...

چین کمیونٹی صحت کی سہولیات کو بہتر اور بحالی صحت کی خدمات کو وسعت دے گا

بیجنگ (شِنہوا) چین عوام کے لئے صحت کی سہولیات کو زیادہ قابل رسائی اور آسان بنانے کے مقصد سے کمیونٹی سطح پر طبی اور صحت کی خدمات کو مضبوط کرنے اور بحالی صحت کی سہولیات کو وسعت دینے کی کوششیں تیز کرے گا۔

یہ بات قومی صحت کمیشن (این ایچ سی) کی ایک عہدیدار جیاؤ یاہوئی نے ریاستی کونسل کے زیر اہتمام ایک پریس کانفرنس میں کہی، پریس کانفرنس میں مرحلہ وار تشخیص اور علاج کے نظام کو تیز کرنے کے لئے حال ہی میں جاری اقدامات کی وضاحت کی گئی۔

قومی صحت کمیشن کے مطابق مرحلہ وار تشخیص اور علاج کے نظام کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ عام بیماریوں کا علاج مقامی کلینکس میں کیا جائے جبکہ پیچیدہ اور شدید بیماریوں کا علاج اعلیٰ سطح کے ہسپتالوں میں ہو۔

پریس کانفرنس کے مطابق اس وقت ملک بھر میں 11 لاکھ سے زائد طبی اور صحت کے مراکز شہری اور دیہی آبادی کو خدمات فراہم کر رہے ہیں اور 90 فیصد سے زیادہ شہری 15 منٹ کے اندر قریبی صحت مرکز تک پہنچ سکتے ہیں۔ بنیادی صحت کی خدمات کا نیٹ ورک مسلسل بہتر بنایا جا رہا ہے۔

جیاؤ نے کہا کہ کمیونٹی سطح کی طبی خدمات کی صلاحیت مزید بڑھانے کے لئے بنیادی سطح پر عام اور دائمی بیماریوں کے علاج کے لئے خصوصی شعبے قائم کرنے پر توجہ دی جائے گی۔ اس کے علاوہ ادویات کی فراہمی اور اس کے انتظام کو بہتر بنانے اور بنیادی صحت کی دیکھ بھال میں مصنوعی ذہانت پر مبنی تشخیص اور دوا تجویز کرنے سے پہلے جائزہ لینے کے نظام جیسی جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینے پر بھی غور کیا جا رہا ہے ۔

پریس کانفرنس میں حکام نے مریضوں کی منتقلی کے انتظام اور معاونت کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں