ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے پی ٹی آئی کی لیاقت باغ میں جلسے کیلئے این او سی کی درخواست مسترد کر دی۔
انتظامیہ کے مطابق امن و امان کی موجودہ صورتحال اور سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی کے اجلاس میں معاملے پر غور کیا گیا، جس میں موجودہ خطرے کے سپیکٹرم کو مدنظر رکھتے ہوئے کہا گیا کہ عوامی اجتماعات میں شرکا کے جان و مال کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں، مزید بتایا گیا کہ راولپنڈی میں دفعہ 144بھی نافذ ہے جبکہ لیاقت باغ کی سیکیورٹی کلیئرنس کیلئے حفاظتی وسائل کی بڑے پیمانے پر تعیناتی حکومتی کفایت شعاری پالیسی کے تحت ممکن نہیں۔
انتظامیہ کے مطابق موجودہ حالات میں عوامی اجتماع کو محفوظ بنانے کیلئے ضروری انتظامی، لاجسٹک اور مالی ضروریات کو پورا کرنا چیلنج ہے، اسی لئے ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی کے متفقہ فیصلے کی روشنی میں جلسے کے این او سی کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
ذرائع کے مطابق این او سی جاری نہ کرنے کے حوالے سے پی ٹی آئی راولپنڈی کے سیکرٹری جنرل عاقل خان کو باقاعدہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔


