معروف اداکارہ ماورا حسین نے اداکاری اور جذباتی مناظر میں رونے کے فن پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ حقیقی جذبات اور خلوص ناظرین کے دل تک پہنچنے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔
نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں ماورا حسین اپنی بہن عروہ حسین کے ہمراہ شریک ہوئیں جہاں دونوں نے اپنی اداکاری، خاندانی تعلقات اور جذباتی مناظر کے پیچھے چھپی دلچسپ کہانیاں شیئر کیں۔
عروہ حسین نے کہا کہ بات صرف خوبصورت لگنے کی نہیں، ماورا جذبات کو شدت سے محسوس کرتی ہیں جس کی وجہ سے ناظرین بھی ان سے جڑ جاتے ہیں، بچپن میں بھی ماورا جب روتی تھیں تو گھر والے فوراً مان جاتے تھے کیونکہ وہ بہت پیاری لگتی تھیں، اصل چیز خوبصورتی نہیں بلکہ سچے جذبات کا اظہار ہے جو خود بخود سکرین پر نظر آتا ہے۔
عروہ حسین نے بتایا کہ جب انہیں کسی منظر کیلئے مدد درکار ہوتی ہے تو وہ سب سے پہلے ماورا کو فون کرتی ہیں اور پھر اپنے شوہر فرحان سعید سے رہنمائی لیتی ہیں، اپنے رونے کے راز بارے ماورا حسین نے کہا کہ وہ ایمانداری سے ہدایتکار کی ہدایات پر عمل کرتی ہیں اور دل سے اداکاری کرنے کی کوشش کرتی ہیں، ہر پرفارمنس میں ایک خاص جادو ہوتا ہے اور وہ ہر سین سے پہلے دعا بھی کرتی ہیں۔


