وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ایران، امریکہ جنگ بندی پر وزیراعظم، فیلڈ مارشل کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی قیادت کی پیشہ ورانہ حکمت عملی و بروقت اقدامات نے خطے کو ممکنہ بڑی تباہی سے محفوظ رکھا ہے۔
جاری بیان میں سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاکستان نے ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور سیز فائر کے قیام میں موثر اور فیصلہ کن کردار ادا کیا، مدبرانہ قومی قیادت نے ملکی سفارتی ساکھ کو عالمی سطح پر مزید مستحکم کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی متوازن اور فعال سفارتکاری نے عالمی برادری کو مثبت پیغام دیا کہ امن ہی ہماری اولین ترجیح ہے، یہ کامیابی پاکستان کے موثر بیانئے، دانشمندانہ فیصلوں اور عالمی اعتماد کی بھی مظہر ہے۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ خطے میں امن و استحکام کے فروغ کیلئے پاکستان کی مسلسل کوششیں قابل تقلید مثال بن چکی ہیں، کوششوں کے نتیجے میں جلد مکمل جنگ بندی اور پائیدار امن کی امید ہے، مستقبل میں بھی سفارتی کاوشیں تنازعات کے پرامن حل کی راہ ہموار کریں گی۔


