امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کے باوجود اسرائیل کی جانب سے لبنان پر حملوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں جس سے خطے میں صورتحال مزید پیچیدہ ہو گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق لبنان کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی فضائی حملے جاری رہے، مکابرہ میں فضائی حملہ کیا گیا جبکہ خیام میں شدید گولہ باری کی گئی جہاں گزشتہ ہفتوں کے دوران حزب اللہ اور اسرائیلی افواج کے درمیان شدید جھڑپیں ہوتی رہی ہیں، اسی طرح جنوبی شہر تائر میں بھی فضائی حملے کئے گئے ہیں جن میں سے ایک حملہ ہسپتال کے قریب ہوا جو امریکی صدر کے جنگ بندی اعلان کے فوراً بعد کیا گیا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اسرائیل کی جانب سے لبنان کو جنگ بندی سے خارج کرنے اور حملوں کے تسلسل سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ ہے، اس صورتحال نے جنگ بندی کے مستقبل پر بھی سوالات کھڑے کر دیے ہیں، جبکہ عالمی برادری اس تنازع کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔


