روس کی وزارتِ خارجہ نے امریکا اور اسرائیل کی ایران کیخلاف کارروائیوں پر سخت ردعمل دیتے ہوئے اسے بڑی شکست قرار دیدیا ہے اور فوری طور پر سفارتی حل پر زور دیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے روسی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے کہاکہ امریکا اور اسرائیل نے 28فروری کو ایران کیخلاف یکطرفہ، جارحانہ اور بلا اشتعال حملہ شروع کیا جس کا نتیجہ ایک بدترین اور کچل دینے والی شکست کی صورت میں سامنے آیا، روس نے ابتدا ہی سے واضح کیا تھا کہ اس تنازع کا کوئی فوجی حل ممکن نہیں اور خطے میں طاقت کے ذریعے امن قائم کرنے کی کوششیں ناکام ہونگی، ایسے اقدامات خطے میں مزید عدم استحکام پیدا کرتے ہیں۔
ماریا زاخارووا نے زور دیا کہ صورتحال کو فوری طور پر قابو میں لانے کیلئے حقیقی سیاسی اور سفارتی عمل کا آغاز ضروری ہے، مذاکرات کے ذریعے ہی پائیدار حل ممکن ہے جس میں تمام فریقین کے موقف کو سنجیدگی سے مدنظر رکھا جائے۔


