بنکاک(شِنہوا) تھائی لینڈ میں الیکٹرک گاڑیوں (ای ویز) نے غیر معمولی توجہ حاصل کر لی ہے کیونکہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اچانک اضافے نے صارفین کو روایتی ایندھن سے چلنے والی گاڑیوں پر انحصار کم کرنے کے فوری متبادل تلاش کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔
یہ بڑھتی ہوئی طلب ماحول دوست نقل و حمل کے رجحان کے ساتھ ہم آہنگ ہے، جس کا مظاہرہ 47 ویں بنکاک انٹرنیشنل موٹر شو (بی آئی ایم ایس) میں پیش کئے گئے نئے ماڈلز سے ہوتا ہے جہاں خاص طور پر بیٹری سے چلنے والی گاڑیوں پر توجہ دی گئی اور اس شعبے کی قیادت چینی آٹو ساز کمپنیاں کر رہی ہیں۔
بی آئی ایم ایس کے نائب چیئرمین جاتورونت کومولمس نے کہا کہ موثر اندرونی روایتی انجنوں کے ساتھ متبادل توانائی کی گاڑیوں کی مسلسل ترقی، صنعت کی لچک، موافقت اور مارکیٹ کی متنوع طلب کو ظاہر کرتی ہے۔
شِنہوا کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ تھائی لینڈ میں چینی آٹو برانڈز کی حالیہ آمد اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ وہ ملک کے انفراسٹرکچر، مضبوط مینوفیکچرنگ بنیاد اور صارفین کی قوت خرید پر گہرا اعتماد رکھتے ہیں۔
اس رجحان سے فائدہ اٹھاتے ہوئے چین کی بڑی اور نئی ابھرتی کمپنیوں نے جدید اور قابل رسائی مصنوعات کی وسیع رینج متعارف کروائی ہے جس سے تھائی صارفین کی دلچسپی اور بکنگ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
منتظمین کے مطابق 2026 کی بی آئی ایم ایس اتوار کو ختم ہو گئی جس میں تقریباً 18 لاکھ افراد شریک ہوئے جبکہ ایک لاکھ 32 ہزار 951 گاڑیوں کی بکنگ ہوئی جو پچھلے سال کے مقابلے میں 71.8 فیصد زیادہ ہے۔
چین کی معروف ای وی کمپنی بی وائی ڈی نے 12 روزہ شو کے دوران سب سے زیادہ بکنگ حاصل کی جبکہ جاپان کی بڑی کمپنی ٹویوٹا اس کے بعد دوسرے نمبر پر رہی۔
دیگر 5 سرفہرست کمپنیوں میں زیادہ تر چینی برانڈز شامل تھے، جن میں اومودا اینڈ جائیکو، سائیک کی ایم جی اور چھانگ آن کی دیپل اور نیوو شامل ہیں جو تھائی مارکیٹ میں بڑی تبدیلی کی نشاندہی کرتی ہیں جہاں ماضی میں جاپانی کمپنیوں کا طویل عرصے تک غلبہ رہا تھا۔
الیکٹرک وہیکل ایسوسی ایشن آف تھائی لینڈ کے مطابق صارفین کا بڑھتا ہوا رجحان ظاہر کرتا ہے کہ عوام ای وی ٹیکنالوجی کو تیزی سے قبول کر رہے ہیں۔


