اقوام متحدہ (شِنہوا) اقوام متحدہ نے ایران کے بجلی گھروں اور پلوں پر حملوں کے دھمکی آمیز امریکی بیانات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے چیف ترجمان سٹیفن دوجارک نے روزانہ کی بریفنگ میں کہا کہ ہم سوشل میڈیا کی اس پوسٹ کی زبان پر پریشان ہیں جس میں دھمکی دی گئی تھی کہ اگر ایران کسی معاہدے پر رضامند نہ ہوا تو بجلی گھروں، پلوں اور دیگر بنیادی شہری سہولیات پر حملے کئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سیکرٹری جنرل عالمی قانون کے حوالے سے بہت واضح موقف رکھتے ہیں اور وہ ایک بار پھر تمام فریقوں پر زور دیتے ہیں کہ وہ ان جنگی کارروائیوں کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ سیکرٹری جنرل یاد دلاتے ہیں کہ توانائی کی بنیادی سہولیات سمیت بنیادی ڈھانچے پر حملہ نہیں کیا جا سکتا، چاہے مخصوص بنیادی شہری ڈھانچے کو فوجی ہدف کے طور پر سمجھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ سیکرٹری جنرل ایک بار پھر اس بات پر زور دیتے ہیں کہ اب وقت آگیا ہے کہ فریقین اس تنازع کو روکیں کیونکہ بین الاقوامی تنازعات کے پرامن حل کے علاوہ کوئی قابل عمل متبادل نہیں ہے۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا ایسے حملے اقوام متحدہ کے سربراہ کے نزدیک جنگی جرائم کے زمرے میں آ سکتے ہیں تو ترجمان دوجارک نے کہا کہ یہ بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کے زمرے میں آئیں گے اور یہ کہ آیا یہ جرم ہے یا نہیں اس کا فیصلہ عدالت کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کسی بھی بنیادی شہری ڈھانچے پر حملہ بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے اور یہ ایک بہت واضح خلاف ورزی ہے۔


