ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے 35ویں نیشنل گیمز کی فیڈریشن سپورٹس فیسٹیول میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے مردوں اور خواتین دونوں کی فینسنگ چیمپئن شپ جیت لی، اس سال ایچ ای سی نے پہلی مرتبہ فینسنگ کے مقابلوں میں حصہ لیا اور دونوں کیٹیگریز میں ٹائٹل جیت کر غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
ایونٹ میں آزاد جموں و کشمیر، بلوچستان، پنجاب، سندھ، گلگت بلتستان، پولیس، نیوی، ایچ ای سی اور اسلام آباد کی ٹیموں نے بھرپور شرکت کی اور اعلی مہارت، نظم و ضبط اور اسپورٹس مین اسپِرٹ کا مظاہرہ کیا۔
ایونٹ کی نگرانی سندھ فینسنگ ایسوسی ایشن کے سیکرٹری اور آرگنائزنگ کمیٹی کے سیکریٹری محمد تقی نے کی۔
کھلاڑیوں کی کارکردگی کو حاضرین اور تکنیکی حکام کی جانب سے بھرپور سراہا گیا جبکہ ایونٹ کے انتظامات کو بھی مثالی قرار دیا گیا۔
اختتامی تقریب میں نمایاں شخصیات نے شرکت کی جن میں پاکستان فینسنگ فیڈریشن کے صدر بہزاد انور، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری خالد محمود، ریلویز سپورٹس بورڈ کے صدر حمدان نذیر اور سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری احمد علی راجپوت شامل تھے۔
مہمانِ خصوصی نے کھلاڑیوں میں میڈلز اور اسناد تقسیم کیں اور انکے عزم و حوصلے کو سراہا۔
پاکستان فینسنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل نے تمام ٹیموں کو مبارکباد دیتے ہوئے حکومت سندھ، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن، سندھ اولمپک ایسوسی ایشن، این ای ڈی یونیورسٹی، سندھ فینسنگ ایسوسی ایشن، مقابلوں کے ججز اور رضاکاروں کے تعاون کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
مردوں کے مقابلے میں ایچ ای سی کی ٹیم 3 گولڈ، 2 سلور، 1 برانز میڈل کیساتھ پہلے، پنجاب کی ٹیم 3 گولڈ، 2 برانز کیساتھ دوسرے اور بلوچستان 2 سلور، 3 برانز کیساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔
خواتین مقابلوں میں ایچ ای سی کی ٹیم نے 3 گولڈ، 3 سلور، 3 برانز میڈل حاصل کر کے مقابلے اپنے نام کئے جبکہ بلوچستان نے 2 گولڈ، 2 سلور، 2 برانز اور پنجاب 1 نے گولڈ، 2 برانز کیساتھ باالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔


