پورٹ آف اسپین (لارڈ میڈیا): ویسٹ انڈین کمنٹیٹر این بشپ نے پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی شہر سیالکوٹ سے متعلق دلچسپ تبصرہ کیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ کمنٹری کے دوران این بشپ نے سیالکوٹ میں پیدا ہونے والے عظیم شاعر علامہ اقبال اور فیض احمد فیض کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ شاعروں اور ادیبوں کی سرزمین ہے اور اس ادبی حوالے کو عبداللہ شفیق کے لیے بابر اعظم کے دیے گئے نام ‘کتابی’ سے جوڑا۔
بشب نے وضاحت کی کہ عبداللہ کو یہ نام کتاب دوستی یا مطالعے کے شوق کی وجہ سے نہیں بلکہ بابر اعظم نے ان کی بہترین بیٹنگ تکنیک دیکھتے ہوئے دیا تھا۔
پاکستان نے 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے آخری میچ میں دوسرے دن کے اختتام پر ویسٹ انڈیز کے پہلی اننگز کے 344 رنز کے جواب میں 2 وکٹ پر 266 رنز بنالیے۔ عبداللہ شفیق نے شاندار سنچری اسکور کی، وہ 107 رنز اور بابر اعظم 86 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔ پاکستان کو ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلی اننگز میں مزید 78 رنز کا خسارہ ہے۔


