ہومتازہ ترینبیرون ملک بیٹھے بھتہ خوروں کی گرفتاری کی کوششیں تیز ہوگئیں

بیرون ملک بیٹھے بھتہ خوروں کی گرفتاری کی کوششیں تیز ہوگئیں

کراچی (لارڈ میڈیا): ایڈیشنل آئی جی آزاد خان نے کہا ہے کہ ملک سے باہر بیٹھے جرائم پیشہ گروہوں کی واپسی اور گرفتاری کے لیے کوششیں تیز کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ گروہ مختلف موبائل ایپس کے ذریعے بیرون ملک سے اپنا نیٹ ورک چلا رہے ہیں، لہذا پولیس میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہو چکا ہے۔

فیڈرل بی ایریا ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (فباٹی) میں تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی ملک کا معاشی مرکز ہے جہاں بھتہ خوری اور گداگری جیسے مسائل بھی موجود ہیں۔ جن بھتہ خور گروپوں کے سرغنوں کے ریڈ وارنٹ جاری کیے گئے تھے، وہ اب بیرون ملک مطلوب ہیں۔

ایڈیشنل آئی جی نے کہا کہ علی رضا کیس کی تحقیقات شواہد کی بنیاد پر کی جا رہی ہیں اور تحقیقاتی کمیٹی جذبات سے بالاتر ہو کر فیصلہ کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ چہلم کے موقع پر خصوصی سیکیورٹی پلان تشکیل دیا گیا ہے۔

آزاد خان کا کہنا تھا کہ بے روزگاری جرائم اور اسٹریٹ کرائم میں اضافے کی ایک بڑی وجہ ہے، جبکہ محدود وسائل کے باوجود سندھ پولیس عوام کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی میں منشیات کا نیٹ ورک تیزی سے پھیل رہا ہے، خاص طور پر اسکولوں اور کالجوں میں اس کی سرگرمیاں تشویشناک ہیں۔ کراچی سیف سٹی منصوبے کے تحت اب تک 1300 کیمرے نصب کیے جا چکے ہیں، جبکہ مزید 2 ہزار کیمرے لگائے جا رہے ہیں۔

اس موقع پر فباٹی کے صدر شیخ تحسین نے کہا کہ فیڈرل بی ایریا کے صنعتی یونٹس بھتہ خوری سے محفوظ ہیں، تاہم شہر کے دیگر صنعتی علاقوں میں یہ مسئلہ تشویشناک ہے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں