ممبئی (لارڈ میڈیا): بالی ووڈ اداکارہ اور سیاست دان کنگنا رناوت نے جین زی کو چند روز قبل ’جنریشن گٹر‘ کہنے کے بعد اب انہیں ’ہیپی فرینڈشپ ڈے‘ وش کیا ہے۔ انہوں نے انسٹاگرام پر اپنی جم ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دو جین زی لڑکیوں نے ان سے ڈیجیٹل دور میں زندگی گزارنے کے بارے میں بات کی۔
کنگنا نے بتایا کہ لڑکیوں نے کہا کہ ہر شخص آزادی چاہتا ہے، جس پر انہوں نے جواب دیا کہ آزادی کے ساتھ ذمہ داری بھی ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بعض معاملات میں آزاد اور قدامت پسند طرز زندگی کے درمیان فرق تشویشناک ہے۔
ان کے مطابق دونوں لڑکیوں نے بھی اس بات سے اتفاق کیا کہ آزادی کے ساتھ ذمہ داری ضروری ہے۔ کنگنا نے اپنی پوسٹ کا اختتام ’ہیپی فرینڈشپ ڈے، میرے جین زی دوستوں‘ کے پیغام کے ساتھ کیا۔
واضح رہے کہ کنگنا نے بھارت میں طلبہ احتجاج کے دوران جنریشن زی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں گٹر کا لقب دیا تھا، جس پر انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔


