اسلام آباد (لارڈ میڈیا): متحدہ عرب امارات نے پاکستانی شہریوں کو رجسٹرڈ ٹریول ایجنٹس کے ذریعے وزٹ ویزے دوبارہ جاری کرنا شروع کر دیے ہیں۔ یو اے ای سفارت خانے کے عہدیدار نے اس خبر کی تصدیق کی ہے۔
متحدہ عرب امارات میں تقریباً 18 لاکھ پاکستانی مقیم ہیں جو پاکستان کے لیے ترسیلاتِ زر کا بڑا ذریعہ ہیں۔ کئی ماہ سے پاکستانی درخواست گزاروں کو ویزا کے اجرا میں تاخیر اور سخت جانچ پڑتال کا سامنا تھا۔
اروما ٹریولز کے چیف ایگزیکٹو محمد ندیم شریف نے بتایا کہ پاکستانی خاندانوں کو سیاحت کے لیے دوبارہ وزٹ ویزے جاری کیے جا رہے ہیں۔ ایسے افراد بھی بروقت ویزے حاصل کر رہے ہیں جو اپنے رشتہ داروں سے ملاقات کے لیے جانا چاہتے ہیں۔
پاکستان کے ایک سینئر امیگریشن افسر نے کہا کہ پاکستان سے دبئی جانے والے مسافروں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، جو کہ گرمیوں کے آغاز میں روزانہ 170 تھی اور جولائی کے اختتام تک بڑھ کر 400 ہوگئی۔
ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے عہدیدار محمد حنیف رنچھ نے بھی کہا کہ حالیہ دنوں میں صورتحال بہتر ہوئی ہے اور زیادہ پاکستانی خاندان کامیابی سے وزٹ ویزے حاصل کر رہے ہیں۔
اسلام آباد میں یو اے ای سفارت خانے کے عہدیدار نے کہا کہ رجسٹرڈ ٹریول ایجنسیوں کے ذریعے درخواست دینے والے عام پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والوں کو وزٹ ویزے جاری کیے جا رہے ہیں۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستانی شہریوں کے وزٹ ویزوں کے اجرا سے متعلق خدشات پائے جا رہے تھے۔ دونوں ممالک نے ویزا کے اجرا کو آسان بنانے کے لیے اقدامات پر اتفاق کیا تھا۔
پاکستان کے دفتر خارجہ نے بتایا کہ بعض درخواست گزاروں نے جعلی دستاویزات جمع کرائیں تھیں، جس کی وجہ سے ویزا درخواستوں کی جانچ پڑتال سخت کر دی گئی تھی۔


