اسلام آباد (لارڈ میڈیا) مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد نے کہا ہے کہ گزشتہ مالی سال نجی شعبے کو 11.38 کھرب روپے قرض دیا گیا جو گزشتہ 4 سال کی بلند ترین سطح ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مالی سال 2026-2025 میں نجی شعبے کو دیے گئے قرض میں تقریباً 15 فیصد اضافہ ہوا۔
خرم شہزاد کے مطابق نجی شعبے میں مالی معاونت سے کاروبار اور پیداواری سرگرمیوں کو فروغ دیا جا رہا ہے، 89 فیصد نئے قرضے مینوفیکچرنگ، تھوک و پرچون تجارت اور زراعت جیسے شعبوں کو دیے گئے۔
مشیر خزانہ نے کہا کہ مینوفیکچرنگ سیکٹر کو 657 ارب روپے کے نئے قرضے ملے، یہ صنعتی سرگرمیوں اور پیداواری صلاحیت میں توسیع کی عکاسی کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تجارت اور زراعت میں مالی معاونت سے پیداوار، کاروباری سرگرمیوں اور نجی سرمایہ کاری میں بہتری آئی، نجی شعبے میں بڑھتا قرضہ کاروباری اعتماد اور معاشی استحکام کی جانب مثبت پیشرفت کا مظہر ہے۔


