کراچی (لارڈ میڈیا): امریکی کاروباری وفد نے ایس آئی ایف سی کی معاونت سے کراچی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے صوبائی وزراء سے ملاقات کر کے سرمایہ کاری مواقع کا جائزہ لیا۔
ملاقات کے دوران بن قاسم انڈسٹریل پارک، کراچی انڈسٹریل پارک اور دیگر منصوبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات پر بات چیت کی گئی۔
وفد کو سندھ بزنس ون اسٹاپ شاپ، کیٹی بندر پورٹ، این ای ڈی ٹیک پارک اور مجوزہ سندھ انٹرنیشنل فنانشل سینٹر سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔
پاکستان بزنس کونسل کے ساتھ ملاقات میں کیپٹل مارکیٹس، زراعت، ٹیکسٹائل، توانائی اور معدنیات سمیت مختلف شعبہ جات میں سرمایہ کاری کے امکانات پر تبادلۂ خیال ہوا۔
امریکی وفد نے پاکستان کے سرمایہ کاری کے ماحول کی بہتری اور مختلف شعبوں میں کاروباری مواقع میں دلچسپی کا اظہار کیا اور ایس آئی ایف سی کے کردار کو سراہا۔


