کراچی (لارڈ میڈیا) پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹر شان مسعود ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔ بائیں ہاتھ کے بیٹر شان مسعود پہلے ٹیسٹ میں انگلی پر گیند لگنے کی وجہ سے انجری کا شکار ہوگئے تھے۔
پاکستان ٹیم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شان مسعود ٹیم کے میڈیکل پینل سے انجری کا علاج کرا رہے ہیں، جس کی وجہ سے وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔
ٹیم انتظامیہ کے مطابق شان مسعود انجری کے باوجود دورے پر ٹیم کے ساتھ رہیں گے اور دورہ انگلینڈ میں ان کی شمولیت کا فیصلہ ان کا ری ہیب دیکھ کر کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں 90 رنز سے شکست دی تھی۔ سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 2 سے 6 اگست تک پورٹ آف اسپین میں کوئینز پارک اوول میں کھیلا جائے گا۔


